سید اعجاز
ترال//ترال کے جواہر پورہ لام سوئی ناڈ کی آبادی رابط سڑک سے محروم ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو پریشانیوں کا سامنا ہیں ۔ نالہ لام پر ایک رابط پل کو تعمیر کیا گیا ہے ، لیکن پل کے دونوں اطراف بھرائی نہ کرنے کی وجہ سے لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام کیلئے پل بے سود ثابت ہوا۔مقامی لوگوں نے بتایا سال 2023میں علاقے کے لوگوں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے اس وقت دیہی ترقی محکمے کے ذریعے جواہر پورہ لام سے سوئی ناڈ تک رابط سڑک تعمیر کرنے کی منظوری دی ، جبکہ یہاں نالے پر لوگوں کے عبور مرور کیلئے ایک پل تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ۔انہوں نے بتایا محکمے نے جامع مسجد جواہر پورہ سے گوجر بستی جواہر پورہ نزدیک گیج تک سڑک کو قابل آمد رفت بنا یا ہے اوراس کے آگے کوئی کام نہیں کیاگیا ،جبکہ نالے کے دوسری طرف صرف مٹی کی کٹائی کے بعد کام کو چھوڑ دیاگیا ۔مقامی شہری نور محمد ترالی نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے دوران مقامی آبادی نے اس وقت بلا معاوضہ اپنی اراضی بھی دی تھی، تاکہ لوگوں کو عبورومرور میں آسانی ہو ۔ تاہم نا معلوم وجوہات کی بناء پر کام کو گیج سے آگے نہیں بڑھایا گیا ۔مقامی نوجوان نے مزید بتایا سڑک کے لئے30لاکھ روپے جبکہ پل کے رابط کیلئے10لاکھ روپے اس وقت واگزار ہوئے تھے ۔لوگوں نے بتایا پل صرف پیدل چلنے کیلئے تعمیر کیا گیا ، جس کی وجہ سے پل تعمیر کرنے کا مقصد فوت ہوا ۔انہوں نے بتایا کل جب سڑک تعمیرہو گی، تو اس وقت یہ پل کسی کام کا نہیں ہوگا۔ایک مقامی شہری نے بتایا پل کے دونو ںاطراف بھرائی نہیں کی گئی۔ علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بتایا جب کبھی سوئی ناڈ میں کوئی بیمار ہوتا ہے، تو انہیں لام تک پہنچانے کیلئے آج بھی چار پائی پر لانا پڑ تا ہے ۔لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک کو آر اینڈ بی یا پی ایم جی ایس وائی ذریعے سے تعمیر کیا جائے۔