جموں میں نوجوان پرویز احمد کی ہلاکت: ممبران اسمبلی کے وفد کی ایل جی سے ملاقات، منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ریاستی قانون ساز اسمبلی کے ارکان پر مشتمل ایک وفد نے جموں کے نکی توی علاقے میں پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان پرویز احمد کے واقعے پر منصفانہ تحقیقات کے مطالبے کے سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔
وفد میں ایم ایل اے گاندربل میاں مہر علی، ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چودھری اور ایم ایل اے مہور انجینئر خورشید احمد شامل تھے۔
ایل جی نے وفد کو یقین دلایا کہ واقعے کی غیرجانبدار، شفاف اور منصفانہ تحقیقات کی جائے گی اور جو بھی قصوروار پایا جائے گا اُسے بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمیشنر جموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی انکوائری جلد مکمل کریں۔
ایل جی نے ایم ایل ایز کو مشورہ دیا کہ وہ خود بھی زمینی حقائق اکٹھا کریں اور انتظامیہ کے ساتھ شیئر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر متاثرہ خاندان مجسٹریٹ کی سطح پر ہونے والی تحقیقات سے مطمئن نہ ہو تو عدالتی تحقیقات پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
ایل جی نے حکومت کے انصاف کے عزم کو دہراتے ہوئے یقین دلایا کہ نہ تو کسی خاص طبقے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور نہ ہی کسی برادری کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انصاف آزاد، منصفانہ اور غیرجانبدار طریقے سے فراہم کیا جائے گا۔

Share This Article