46 کلو ہیروئن ضبطی کیس، ایس آئی اے نے چارج شیٹ داخل کی

KU Admin
3 Min Read
ANANTNAG, JULY 18 (UNI):- The State Investigation Agency (SIA) Kashmir is carrying out raids at different locations in South Kashmir's Anantnag district on Tuesday.UNI PHOTO-1U

عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/بین الریاستی اور سرحد پار منشیات اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف اہم پیش رفت کرتے ہوئے، اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (SIA) نے جموں اور پنجاب میں ضبط شدہ 46 کلوگرام سے زائد ہیروئن کے کیس میں پہلی چارج شیٹ عدالت میں داخل کر دی ہے۔ یہ چارج شیٹ ایک فوجداری مقدمے سے متعلق ہے جو جموں کے بس اسٹینڈ علاقے میں 33 کلوگرام سے زائد ہیروئن کی برآمدگی کے بعد این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا۔ کیس میں سرحد پار دہشتگردی کے روابط سامنے آنے کے بعد تفتیش SIA کو منتقل کی گئی، جو NDPS ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں (انسداد) ایکٹ (UAPA) کے تحت کی گئی۔
یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب تارتان، پنجاب کے رہائشی سرتاج سنگھ کو جموں کے بس اسٹینڈ علاقے سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے 33.580 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ تفتیش کے دوران دوسرے ملزم، امرت پال سنگھ عرف فوجی کی شناخت ہوئی، جو موقع سے ہیروئن کا دوسرا کنسائنمنٹ لے کر فرار ہو گیا تھا۔ بعد ازاں پنجاب پولیس نے اُسے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے مزید 12.626 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
بین الاقوامی روابط اور دہشتگردی کے عناصر سامنے آنے کے بعد کیس SIA جموں کو منتقل کر دیا گیا۔ تفتیش کے دوران امرت پال سنگھ کے پاکستان میں مقیم ایک لشکرِ طیبہ سے منسلک ہینڈلر سے روابط کے ناقابل تردید شواہد ملے، جس سے منشیات اور دہشتگردی کے درمیان براہ راست تعلق قائم ہو گیا۔ یہ پیش رفت تکنیکی، سائنسی اور انسانی انٹیلی جنس ذرائع کے ذریعے ممکن ہوئی۔
چارج شیٹ میں دونوں ملزمان اور دیگر ملوث افراد کے خلاف NDPS ایکٹ اور UAPA کے تحت سنگین الزامات کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ کیس منشیات کے ذریعے دہشتگردی کو فروغ دینے والے نیٹ ورکس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک بڑی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے اور اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جموں و کشمیر اور دیگر علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے ذریعے دہشتگردی کو مالی معاونت فراہم کرنے والے بین الاقوامی مجرمانہ و دہشتگرد نیٹ ورکس اب بھی سرگرم ہیں۔

Share This Article