عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// مازہامہ بڈگام کا 17 سالہ کرکٹر مزمل احمد حجام سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد تقریباً 3 ہفتوں تک زندگی کی جنگ لڑنے کے بعد انتقال کرگیا۔مزمل احمد تقریباً 20 روز قبل مازہامہ ٹنگمرگ روڈ پر موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوا تھا۔ ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے باوجود، وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس کی موت نے پورے علاقے کوغمزدہ کردیا۔ مقامی لوگوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گاڑی چلاتے وقت زیادہ احتیاط برتیں، خاص طور پر جب دو پہیہ گاڑیوں پر سوار ہوں۔ ایک غم زدہ رہائشی نے بتایاکہ تیز رفتارڈرائیونگ سے ہونے والی ہلاکتیں قیمتی زندگیوں کو تباہ کر تی ہیں۔ٹریفک پولیس سے سڑک کی حفاظت سے متعلق آگاہی مہم کو تیز کرنے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے زمینی نفاذ کو بہتر بنانے کے لیے ایک بار پھر مطالبہ کیا گیا ہے۔