لاش مقامی افراد نے پولیس کی موجودگی میں نکالی، تحقیقات شروع
راجوری//ضلع راجوری کے دیہریاں گائوں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 13 سالہ لڑکا نہاتے ہوئے مقامی ندی میں ڈوب گیا اور جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ ہفتہ کی شام پیش آیا، جس سے علاقہ میں کہرام مچ گیا۔پولیس کے مطابق، جاں بحق لڑکے کی شناخت محمود احمد ولد محمد طارق کے طور پر ہوئی ہے، جو دیہریاں گائوں کا رہائشی تھا۔ وہ شام کے وقت ندی میں نہانے گیا تھا جہاں پانی کے تیز بہائو میں بہہ کر ڈوب گیا۔مقامی لوگوں نے فوراً امدادی کارروائی شروع کی اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کی موجودگی میں مقامی افراد نے لڑکے کی لاش ندی سے نکالی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس نے چنگس چٹیاری چوکی کی حدود میں میڈیکو لیگل کارروائی کے ساتھ معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوئوں پر تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ محض ایک حادثہ تھا یا اس میں کوئی اور پہلو شامل ہے۔ دوسری جانب اہلِ علاقہ اور مقتول کے اہل خانہ گہرے صدمے میں ہیں اور فضا سوگوار ہے۔مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ندی کے خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات کو روکا جا سکے۔