کپوارہ میں کنویں میں صفائی کے دوران دم گھٹنے سے ایک شخص جاں بحق، تین اسپتال منتقل

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/شمالی ضلع کپوارہ کے لولاب علاقے کے لالپورہ گاؤں میں ہفتہ کی شام ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں کنویں کی صفائی کے دوران چار افراد بے ہوش ہو گئے، جن میں سے ایک جاں بحق جبکہ تین کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، مہی گنڈ رنگ وار میں اس وقت افرا تفری مچ گئی جب چار افراد کنویں کی صفائی کے دوران ممکنہ طور پر دم گھٹنے سے بے ہوش ہو گئے۔
متاثرہ افراد کی شناخت غلام نبی شیخ (40)، منظور احمد میر (45)، غلام محمد میر (65)، اور محمد رفیق لاچی (45) کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں اور پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر انہیں کنویں سے نکالا اور سب ضلع اسپتال سوگام منتقل کیا، تاہم منظور احمد میر کو اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیا گیا۔
دیگر تین متاثرین میں سے دو، محمد رفیق لاچی اور غلام نبی شیخ کو بہتر علاج کے لیے جی ایم سی ہندوارہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک سرکاری عہدیدار نے م بتایا کہ واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں تاکہ اس افسوسناک حادثے کی وجوہات کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔ انھوں نے کہا بدقسمتی سے ان چار افراد میں سے ایک کی موت ہو گئی ہے، جبکہ باقی زیر علاج ہیں ـ

Share This Article