عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کو سرینگر میں جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ شمالی زون علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں قانونی انصاف کے فروغ میں حالیہ اقدامات کو سراہا۔اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے قوانین میں کی گئی اہم ترمیم کی تعریف کی، جس کے تحت اب سابق فوجی اہلکاروں کو بھی مفت قانونی امداد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا،’میں جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اپنے قانونی امداد کے قواعد میں ترمیم کر کے سابق دفاعی اہلکاروں کو بھی اس دائرے میں شامل کیا۔ یہ ایک بروقت اور قابلِ قدر قدم ہے۔‘
عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں انصاف صرف دستیاب ہونا کافی نہیں بلکہ یہ یقینی بنانا بھی اتنا ہی ضروری ہے کہ انصاف سب کے لیے قابلِ رسائی ہو۔ قانونی امداد کی رسائی میں وسعت عوام کے اعتماد کو بڑھاتی ہے اور ریاستی اداروں کے تئیں مثبت رجحان پیدا کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ریاستی قانونی نظام کو مزید مضبوط بنانے، غریب و محروم طبقات کو ترجیحی بنیادوں پر انصاف فراہم کرنے، اور قانونی شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے معزز جج صاحبان، لیگل سروسز اتھارٹی کے سینئر عہدیداران، عدالتی افسران، وکلاء، سول سوسائٹی نمائندگان، اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کانفرنس میں شمالی ہند کی مختلف ریاستوں سے آنے والے قانونی ماہرین نے بھی شرکت کی۔
انصاف صرف دستیاب ہی نہیں بلکہ قابلِ رسائی بھی ہونا چاہیے: عمر عبداللہ
