آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ترقی کی نئی راہیں ہموار، عوام کو مساوی حقوق حاصل: منوج سنہا

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج سری نگر میں منعقدہ نارتھ زون ریجنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں پارلیمنٹ کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد، سپریم کورٹ نے بھی حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے، جس کے بعد جموں و کشمیر میں 890 ایسے قوانین نافذ کیے جا چکے ہیں جو پہلے یہاں لاگو نہیں تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’اب جموں و کشمیر میں دلتوں، آدیواسیوں اور خواتین کو بھی وہی حقوق حاصل ہیں جو ملک کے دیگر حصوں میں لوگوں کو حاصل ہیں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے اس ریجنل کانفرنس کا انعقاد قابل ستائش ہے، جس کا مقصد انصاف تک رسائی کو مزید سہل اور منصفانہ بنانا ہے۔ انہوں نے عدلیہ، وکلا اور لیگل سروسز سے وابستہ تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ غریبوں، محروم طبقات اور خواتین کو مفت اور بروقت قانونی مدد فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد ریاستی ترقی میں واضح تبدیلی آئی ہے اور عوام کو مساوی حقوق حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جموں و کشمیر ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہو چکا ہے، جہاں ہر شہری کو بلا امتیاز ترقی اور انصاف کے مواقع حاصل ہیں۔

Share This Article