حکومت کا ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹی کے دوران ایپرن اور نیم پلیٹ پہننے کا حکم

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے سرکاری طبی اداروں میں تعینات تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران سفید ایپرن اور شناختی نیم پلیٹ لازمی طور پر پہنیں۔یہ ہدایت اس کے بعد جاری کی گئی ہے جب یہ مشاہدہ کیا گیا کہ نیشنل ہیلتھ مشن اور آیوش کے تحت کام کرنے والے متعدد طبی ماہرین اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایپرن یا اپنی شناختی معلومات مناسب طریقے سے ظاہر نہیں کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں اور تیمارداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سرکاری سرکیولر میں کہا گیا’’یہ دیکھا گیا ہے کہ مختلف سرکاری طبی اداروں میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایپرن پہننے اور نیم پلیٹ لگانے کے مقررہ اصولوں پر سختی سے عمل نہیں کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو طبی عملے کی شناخت میں دشواری ہو رہی ہے۔‘‘
سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ این ایچ ایم اور آیوش کے تحت تعینات ڈاکٹروں سمیت تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران سفید ایپرن پہنیں اور واضح طور پر اپنا مکمل نام اور عہدہ درج نیم پلیٹ ہر وقت اپنے لباس پر لگائیں۔
تمام اداروں کے سربراہان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور چیف میڈیکل آفیسرز کو اپنے متعلقہ اداروں میں ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Share This Article