آپریشن سندور نے پاکستان کو واضح پیغام دیا: جنرل دیویدی

KU Admin
4 Min Read
General Officer-Commanding-in-Chief Northern Command Lieutenant General Upendra Dwivedi. (File Photo)

عظمیٰ ویب ڈیسک
کرگل/ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندرا دیویدی نے ہفتہ کے روز کہا کہ آپریشن سندور کے دوران کی گئی سرجیکل اسٹرائیکس پاکستان کے لیے ایک واضح پیغام تھیں کہ دہشت گردی کے حامیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔
کرگل وار میموریل پر وجے دیوس کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’آپریشن سندور پاکستان کے لیے ایک پیغام اور پہلگام دہشت گرد حملے کا منہ توڑ جواب تھا، جو پوری قوم کے لیے ایک گہرا زخم تھا۔ اس بار بھارت نے صرف سوگ نہیں منایا، بلکہ فیصلہ کن جواب دیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ دشمن کو سخت جواب دینا اب بھارت کا نیا معمول بن چکا ہے۔دویودی کا کہنا تھا کہ ملک کے عوام کا اعتماد اور حکومت کی طرف سے دی گئی مکمل آزادی کے ساتھ بھارتی فوج نے بھرپور سرجیکل کارروائی کی۔ جو بھی طاقت بھارت کی یکجہتی، سالمیت یا خودمختاری کو چیلنج کرے گی یا عوام کو نقصان پہنچائے گی، اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
جنرل دیویدی نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران فوج نے پاکستان میں موجود 9 اہم دہشت گرد اہداف کو نشانہ بنا کر ختم کیا، وہ بھی بغیر کسی عام شہری کے نقصان کے۔انھوں نے کہا بھارت نے دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنا کر فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔ فوج نے نہ صرف دہشت گردی کے ٹھکانوں کو ختم کیا بلکہ پاکستان کے دیگر جارحانہ عزائم کو بھی ناکام بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے امن کو موقع دیا، لیکن پاکستان نے بزدلی دکھائی۔8 اور 9 مئی کو پاکستان کی کارروائی کا مؤثر جواب دیا گیا۔ ہماری فوجی فضائی دفاعی نظام ایک ناقابل تسخیر دیوار بن کر کھڑا رہا، جسے کسی میزائل یا ڈرون سے عبور نہیں کیا جا سکا۔
جنرل دیویدی نے کہا کہ بھارتی فوج دنیا کی ایک طاقتور ترین فوج بننے کی جانب گامزن ہے۔رودر آل آرمز بریگیڈ قائم کی جا رہی ہے، جس کی منظوری میں نے کل دی۔ اس کے تحت انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرمڈ یونٹس، آرٹلری، اسپیشل فورسز اور بغیر پائلٹ فضائی یونٹس ایک ہی جگہ ہوں گے تاکہ لاجسٹکس اور جنگی مدد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ فوج نے ایک خصوصی حملہ آور یونٹ ’’بھیرو لائٹ کمانڈو یونٹ‘‘قائم کی ہے، جو سرحد پر دشمن کو حیران کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
’’اب ہر انفنٹری بٹالین میں ایک ڈرون پلاٹون شامل ہے، اور آرٹلری میں ’شکتیمان ریجمنٹ‘قائم کی گئی ہے، جو ڈرون، کاؤنٹر ڈرون، اور لوئٹر منیشن سے لیس ہو گی۔ ہر رجمنٹ میں ایک مشترکہ بیٹری ہو گی جس میں یہ تمام جدید آلات شامل ہوں گے۔‘‘
فوجی سربراہ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھارتی فوج کی صلاحیت میں کئی گنا اضافہ ہوگا کیونکہ فضائی دفاعی نظام کو دیسی میزائلوں سے لیس کیا جا رہا ہے۔انہوں نے پچھلے سال وزیراعظم نریندر مودی کی سلور جوبلی میں شرکت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ قیادت کی موجودگی ظاہر کرتی ہے کہ یہ صرف فوج کا دن نہیں بلکہ پورے ملک کا تہوار ہے۔
انھوں نے کہا ملک کی سلامتی ان ہیروز کی قربانیوں کی مرہون منت ہے جو برف پوش پہاڑوں پر لڑے۔ ہم ان کی قربانیوں، عزم اور حوصلے کو سلام کرتے ہیں، جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں تاکہ ہم امن اور وقار کے ساتھ جی سکیں۔

Share This Article