زاہد بشیر
گول//گول سب ڈویژن میں کروڑوں روپے خرچ کرنے کے با وجود لوگ آج بھی پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے ۔ یہاں سنگلدان نیابت کے شیخ محلہ میں جل جیون مشن عوام کے لئے ناکامی کی علامت بن گیا ہے۔ اگرچہ شیخ محلے میں نل تو لگائے گئے ہیں، مگر ان نلوں میں پانی کی بوند تک نہیں آ رہی ہے۔ لوگ روزانہ امید کے ساتھ نل کھولتے ہیں، مگر مایوسی ہی ہاتھ آتی ہے۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ منصوبے میں ناقص منصوبہ بندی اور غیر معیاری کام ہوا ہے۔ کہیں چھوٹی پائپیں استعمال کی گئی ہیں تو کہیں بڑی، جس کی وجہ سے پانی کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ نتیجتاً پورے محلے کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ شیخ محلہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ جل جیون مشن کا مقصد ہر گھر کو نل کے ذریعے پانی فراہم کرنا تھا، لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے۔ محکمہ کے کارندے فون تک نہیں اٹھاتے اور شکایات پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔عوام نے حکومت اور متعلقہ محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شیخ محلہ سنگلدان میں جل جیون مشن کے کام کا جائزہ لیا جائے، پائپ لائن میں خامیوں کو درست کیا جائے اور نلوں کے ذریعے جلد از جلد پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔