عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھشیک شرما نے بڈھامرناتھ یاترا کے پیش نظر یاتری گراؤنڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور موقع پر ہی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا تاکہ یاترا کے لئے تمام تیاریاں وقت پر مکمل ہوں اور بین الاداراتی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی سی نے پانی کی فراہمی، بلا تعطل بجلی، صفائی ستھرائی اور بایو ٹوائلٹس کی تنصیب جیسے اہم پہلوؤں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مرد و خواتین کے لئے علیحدہ نشانات لگانے کی ہدایت دی تاکہ یاتریوں کو سہولت اور نظم و ضبط میسر رہے۔انہوں نے موقع پر فائر سیفٹی آڈٹ پر خصوصی زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے اور اہم مقامات پر فائر سیفٹی آلات نصب کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے یاتری گراؤنڈ کے اطراف درختوں کی کانٹ چھانٹ کا بھی جائزہ لیا تاکہ کسی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔اجلاس میں طبی ٹیموں کی تعیناتی، ایمبولینسز کی دستیابی، ڈیوٹی روسٹرز کی تیاری اور آیوش انسٹرکٹرز کی تعیناتی جیسے امور پر بھی غور کیا گیا تاکہ یاتریوں کو مکمل طبی اور فلاحی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ڈی سی نے بتایا کہ بی آر او کو ہدایت دی گئی ہے کہ سڑکوں کی حالت کو بہتر بنائے اور نوشہرہ ٹنل دن کے وقت کھلی رکھی جائے تاکہ آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔ ٹریفک پولیس کو ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کے موثر انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ ایس ڈی آر ایف ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مخصوص مقامات پر تعینات رہیں گی۔انہوں نے محکمہ سیاحت کو بھی ہدایت دی کہ مختلف مقامات پر معلوماتی اور خوش آمدیدی ہورڈنگز نصب کی جائیں۔ڈی سی ابھشیک شرما نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے یاترا سے قبل تمام ذمہ داریوں کو مکمل کریں تاکہ یاتریوں کو ایک محفوظ، آرام دہ اور روحانی طور پر پرسکون تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
ڈی سی پونچھ نے منڈی میںبڈھاامرناتھ یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیا
عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے منڈی کے شری بڈھاامرناتھ جی مندر کا دورہ کرتے ہوئے یاترا کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک، تحصیلدار منڈی اشفاق، یاترا آفیسر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر یاترا مینجمنٹ کمیٹی کے ساتھ ملاقات کی اور یاترا کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اہم انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کے معائنے میں خاص طور پر رہائش، راشن سپلائی، پینے کے پانی، بجلی اور سیکورٹی جیسے اہم امور شامل تھے۔انہوں نے پونچھ سے منڈی تک سڑک کی حالت اور اس پر موجود بنیادی سہولیات جیسے صفائی، روشنی، اور طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا تاکہ یاتریوں کو راستے میں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے مندر احاطہ میں موجود لانگر سائٹ، ٹوائلٹ کمپلیکس اور نہانے کے گھاٹ کا بھی معائنہ کیا تاکہ یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے پونچھ شہر میں داشنامی اکھاڑہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یاتریوں کے لئے کئے گئے رہائش، طہارت خانوں، لنگر، صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی کے ممبران کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کے مؤثر انتظامات سے یاتریوں کے لئے محفوظ اور آرام دہ ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔
منگل دیوی لنگر کمیٹی نے بڈھا امر ناتھ یاتریوں کیلئے لنگر شروع کیا
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کی منگل دیوی پنج گرائیں لنگر کمیٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی بابا بڈھا امرناتھ یاتریوں کیلئے راجل گاؤں میں لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ جمعہ کے روز اس لنگر کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ پریتم لال تھاپہ نے کیا۔ لنگر کے آغاز سے قبل مقدس ہون و پوجا کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس موقع پر گدی نشین مہاتمہ پال نعت جی مہاراج، ڈی ڈی سی سیری سنگیتا شرما، سناتن دھرم سبھا نوشہرہ کے صدر جگدیش چندر سہانی، بیوپار منڈل کے صدر بھارت بھوشن گپتا، میونسپل کمیٹی نوشہرہ کے سابق چیئرمین نریندر شرما سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔قابل ذکر ہے کہ منگل دیوی پنج گرائیں لنگر کمیٹی ہر سال بابا بڈھا امرناتھ یاتریوں کی خدمت کے لئے یہ لنگر جموں-راجوری قومی شاہراہ پر واقع راجل گاؤں میں قائم کرتی ہے۔ یہ لنگر تقریباً 20 دنوں تک جاری رہتا ہے، جہاں یاتریوں کے ساتھ ساتھ مقامی افراد اور دیگر مسافر بھی کھانے سے مستفید ہوتے ہیں۔اس موقع پر مختلف مقررین نے کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک عظیم خدمت قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے لنگر یاترا کے جذبے کو تقویت دیتے ہیں اور بھائی چارے کی مثال پیش کرتے ہیں۔
پونچھ کے نوگرہ مندر اجوٹ سے تریشول یاترا کا آغاز
عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//روحانی جوش و خروش سے بھرپور ماحول میں پونچھ کے نو گرہ مندر اجوٹ سے مقدس تریشول یاترا کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں سیکڑوں عقیدت مندوں، ثقافتی فنکاروں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ یہ یاترا نہ صرف علاقائی ورثے کی نمائندگی کرتی ہے بلکہ لوگوں کے گہرے عقیدے اور مذہبی وابستگی کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک، تحصیلدار حویلی اظہر مجید اور بھارتی فوج کے افسران کے ہمراہ یاترا میں حصہ لیا اور مقدس تریشول پوجن انجام دیا۔ صبح سویرے بڑی تعداد میں عقیدت مند مندر میں جمع ہوئے اور بھگوان شو کی پوجا کر کے آشیرواد حاصل کیا۔یاترا کے دوران بھجن، منتر اور مذہبی نعرے گونجتے رہے، جبکہ پھولوں سے سجے ہوئے تریشول، جھنڈے اور دیگر مذہبی علامات کے ساتھ عقیدت مندوں نے گاؤں گاؤں اور شہر کے مختلف حصوں سے گزرتے ہوئے روحانی فضاء کو مزید بامعنی بنایا۔یہ جلوس اجوٹ پرانی پونچھ، کھا کھنواں، جرنیلی محلہ اور قلعہ بازار جیسے ثقافتی و مذہبی اہمیت کے حامل علاقوں سے گزرا۔یاترا کا اختتام پونچھ کے کالج گراؤنڈ میں ہوا، جہاں شری بڈھا امرناتھ جی یاترا کے بیس کیمپ کا قیام کیا گیا ہے۔ کالج گراؤنڈ میں موجود لوگوں کے جوش و خروش اور مذہبی جذبے نے اس تقریب کو ایک روح پرور اور اتحاد و ہم آہنگی کا مظہر بنا دیا۔ڈپٹی کمشنر و دیگر افسران نے اس موقع پر یاترا کے پرامن و منظم انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مذہبی ہم آہنگی کی علامت قرار دیا۔ اس موقع پر مقامی انتظامیہ اور فوج کی جانب سے مکمل سیکورٹی اور سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ یاترا کے شرکاء کو کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔