صنعتی ترقی کا فروغ اہمیت کا حامل

Mir Ajaz
3 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے مرکزی سیکرٹری وزارت مائیکرو،سمال اینڈ میڈیم اَنٹرپرائزز( ایم ایس ایم اِی) ایس سی ایل داس کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات کی جس میں جموں و کشمیر میں موجودہ صنعتی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایم ایس ایم اِی سیکٹر کے فروغ اور دیرپائی کے لئے طویل المدتی حکمتِ عملیوں کو تلاش کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے موجودہ اور نئے قائم شدہ صنعتی یونٹوں کی طویل مدتی دیرپائی کو یقینی بنانے کے لئے ایک مضبوط اور جامع روڈ میپ کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا صنعتی منظرنامہ تاریخی طور پر اس کے منفرد جغرافیائی و سیاسی تناظر سے متاثر رہا ہے کیونکہ یہ ملک کا ایک سرحدی علاقہ ہے جس کی وجہ سے اسے مختلف لاجسٹک اور کنکٹویٹی چیلنجوں کا سامنا ہے۔چیف سیکرٹری نے ایم ایس ایم اِی سیکٹرکی بے پناہ صلاحیت کو روزگار اور معاشی بااِختیار بنانے کی ایک اہم ذریعے کے طور پر اُجاگر کیا اور وزارت سے تکنیکی اور مالی تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ جموں و کشمیر میں ایک فعال کاروباری ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اب جموں و کشمیر صنعتی ترقی میں تاریخی خلاؤں کو پُرکرنے کی پوزیشن میں ہے اور خطے کے نوجوانوں کو خود کفیل روزگار فراہم کرنے والے بننے کے لئے مواقع اور وسائل فراہم کئے جانے چاہئیں۔اتل ڈلونے وزارت سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں میں کاروبار سے متعلق رُجحان پیدا کرنے کے لئے ہدفی پروگرام شروع کرے کیونکہ ماضی کے حالات کی وجہ سے یہ نوجوان ایسے مواقع سے محروم رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی اَفرادی قوت کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتوں سے ہم آہنگ مہارتیں سکھانے کے لئے تعاون میں اضافے کی بھی اپیل کی تاکہ وہ بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔انہوں نے کاروباری مواقع کی بہتر فراہمی، مالی معاونت اور رہنمائی کے لئے جامع پلیٹ فارموں کو قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے دیہی اور شہری علاقوں میں ایم ایس ایم اِی سیکٹر کی ترقی کے لئے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور سپورٹ سسٹم کو وسعت دینے کی تجاویز بھی دیں۔اس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے خطے میں متاثرہ اور بند صنعتی یونٹوں کی بحالی کے لئے مؤثر حکمت عملیوں کی تیاری میں وزارت سے مدد طلب کی۔

Share This Article