عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ(جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی) کی 22ویں میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کا مقصد مختلف فلاحی اَقدامات کی عمل آوری کا تفصیلی جائزہ لینا اورتعمیراتی مزدوروں اور ان کے کنبوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دینا تھا۔وزیر اعلیٰ نے بورڈ کی طرف سے اب تک کی گئی پیش رفت کو سراہتے ہوئے اس بات کی سراہنا کی کہ بورڈ نے 2.85 لاکھ سے زائد فعال تعمیراتی مزدوروں کو فلاحی دائرے میں لایا ہے۔انہوں نے فوائد کی شفاف، بروقت اور ہدفی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ رَسائی کے طریقۂ کار کو وسعت دیں، درخواستوں کے عمل کو آسان بنائیں اور یہ یقینی بنائیں کہ کوئی بھی اہل مزدور بورڈ کے فوائد سے محروم نہ رہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ’تعمیراتی کارکن‘ کی ایک وسیع اور زیادہ جامع تعریف پر زور دیا تاکہ غیر منظم اور کمزور طبقے کے تمام مزدور اس کے دائرے میں آ سکیں۔انہوں نے بورڈ پر زور دیا کہ وہ ایسی پالیسی میکانزم کو تلاش کرے جو مزدوروں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور مالی تحفظ کو یقینی بنائیں تاکہ قومی بہترین طریقوں اور مزدوروں کے معیارات کے مطابق اقدامات کئے جا سکیں۔میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی شالین کابرا، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، پرنسپل سیکرٹری فائنانس، پرنسپل سیکرٹری تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی)، پرنسپل سیکرٹری پی ڈِی ڈِی، کمشنر سیکریٹریز مکانات و شہری ترقی محکمہ، سماجی بہبود، اِمدادِ باہمی، سیکرٹری محنت و روزگار، سیکرٹری قانون ، ڈائریکٹر جنرل بجٹ، بھارتیہ مزدور سنگھ اور بھارتیہ دستکار یونین کے نمائندگان نے شرکت کی۔میٹنگ میں محکمہ منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے بھی حصہ لیا۔سیکرٹری محنت و روزگار کمار راجیورنجن نے بورڈ کی نمایاں کامیابیوں، پالیسی اصلاحات اور مالیاتی پیش رفت پر تفصیلی پرزنٹیشن دی۔