ہینڈی کرافٹ ڈیلروں کو 7دن کی مہلت

Mir Ajaz
3 Min Read

خلاف ورزی پر بلیک لسٹنگ اور رجسٹریشن منسوخی کی وارننگ

سرینگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر نے جمعہ کو ایک غیر معمولی اقدام کے تحت ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کشمیر کے دستکاری ڈیلروں کو اپنے شو روموں سے تمام مشین سے بنی مصنوعات جن میں زیادہ تر ترکی اور ایران سے درآمد کی جاتی ہیں ، کو ہٹانے کے لئے 7 دِن کی حتمی مہلت دی گئی ہے ۔ محکمہ نے انتباہ کیا کہ ناکام ہونے پر اُنہیں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں پر بلیک لسٹ کرنے اور رجسٹریشن منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔یہ نوٹس نمبر ایچ اینڈ ایچ ڈِی/ ڈِی ڈِی کیو سی / ٹی ٹی اے / 95/2025 بتاریخ25؍ جولائی 2025 کے تحت جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کو جموں و کشمیر ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ 1978 کے تحت رجسٹریشن دی گئی ہے تاکہ آپ اپنی دکانوں پر کشمیری ہینڈی کرافٹ اشیأ فروخت کر سکیں۔ آپ نے رجسٹریشن کے عمل کے دوران ایک حلف نامہ جمع کیا ہے کہ آپ صرف اصلی کشمیری ہینڈی کرافٹ مصنوعات ہی نمائش اور فروخت کریں گے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ انسپکشنوں کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا کہ متعدد ڈیلرز مشین سے بنی ہوئی مصنوعات کو اصلی کشمیری ہینڈی کرافٹس ظاہر کر کے فروخت کر رہے ہیں جو کہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایسی سرگرمیاں کشمیری ہینڈی کرافٹ کی ساکھ اور اعتبار کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈپارٹمنٹ کشمیر کے ایک ترجمان نے بیان میں بتایا کہ ان خلاف ورزیوں کے تناظر میںمتعلقہ ڈیلروں پر جموں و کشمیر ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ 1978 کے تحت جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم، ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی اور کوالٹی کنٹرول ڈویژن کی اِنسپکشن ٹیم نے شہر کے مختلف مراکز جیسے نشاط، نہرو پارک اور منور آباد میں واقع شوروموں کا دورہ کیا اور وہاں فوری طور پر مشینی اشیأ ہٹانے کی ہدایت دی۔ خلاف ورزی پر شوروموں کو بلیک لسٹ اور رجسٹریشن ختم کی جائے گی۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کشمیری ہینڈی کرافٹس کی کئی اقسام جی آئی ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہیں تاکہ ان کی اصل شناخت محفوظ رہے۔

Share This Article