عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ریاستی درجے کی بحالی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں پوری امید ہیں کہ رواں پارلیمنٹ سیشن کے دوران ہی مرکزی حکومت اس پر فیصلہ لے گی۔اطلاعات کے مطابق سری نگر میں پارٹی ہیڈ کواٹر پر عوامی وفود اور پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے دوران سریندر چودھری نے کہا کہ جب سے عمر عبداللہ کی سربراہی میں عوامی حکومت معرضِ وجود میں آئی ہے، انتظامیہ نے متحرک کردار ادا کرنا شروع کیا ہے اور مختلف شعبہ جات میں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کے قیام سے قبل دس برسوں کے دوران عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، ان کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی تھی اور ہر فیصلہ عوام مخالف نوعیت کا ہوتا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران حکومت نے سماجی بہبود، پسماندہ طبقات کی امداد، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے جیسے اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھی اہم اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں سرکاری محکموں کی خالی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن اور سروس سلیکشن بورڈ کو خالی پڑی اسامیوں کو پر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ریاستی درجہ کی بحالی کے حوالے سے سریندر چودھری نے اُمید ظاہر کی کہ موجودہ پارلیمنٹ سیشن میں جموں و کشمیر کو اس کا ریاستی درجہ واپس دیا جائے گا۔
ہم پر امید ہیں کہ رواں پارلیمنٹ سیشن کے دوران ہی ریاستی درجے کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا: نائب وزیر اعلیٰ
