عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//یومِ آزادی 2025 کی تقریبات کے خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر ریاسی، ندھی ملک کی صدارت میں ضلع کے مختلف محکموں کے افسران کی ایک اہم میٹنگ ڈی سی آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔اجلاس میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔ فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی کی مرکزی تقریب جنرل زورآور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی، جہاں مہمانِ خصوصی قومی پرچم لہرائیں گے۔ اس کے بعد ضلع پولیس، سی آر پی ایف، این سی سی اور مختلف اسکولوں کے طلباء کا شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کے بعد ضروری ہدایات جاری کیں جن میں بیٹھنے کے انتظامات، رکاوٹیں لگانا، سیکورٹی، ٹریفک کنٹرول، پینے کا پانی، بجلی، صفائی ستھرائی، ٹرانسپورٹ، انعامات کی تقسیم، سرکاری عمارات کی روشنی، ابتدائی طبی امداد، پبلک ایڈریس سسٹم، فائر ٹینڈرز اور دیگر انتظامی امور شامل تھے۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ تمام تیاریاں مقررہ وقت پر مکمل کی جائیں تاکہ تقریب خوشگوار، منظم اور پرجوش انداز میں منعقد ہو سکے۔اس کے علاوہ، اسکولوں کے طلباء ریاست اور ملک کی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرنے والے ثقافتی پروگرام بھی پیش کریں گے۔ مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو انتظامات کی نگرانی اور بین المحکماتی روابط کو یقینی بنائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر زور دیا کہ تمام سرکاری اور تاریخی عمارات کو روشنی سے منور کیا جائے تاکہ تہوار کا ماحول مزید پررونق ہو۔ انہوں نے تمام سب ڈویژنل مجسٹریٹس (SDMs) کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بھی اسی طرز پر میٹنگز منعقد کریں اور یومِ آزادی کی تقریبات کے لئے موثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔