سمت بھارگو
راجوری //راجوری اور پونچھ اضلاع میں شدید بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ نے عوام کو آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران ندی نالوں، پہاڑی ڈھلانوں اور زمین کھسکنے والے علاقوں کے قریب نہ جانے کی سخت ہدایت دی ہے۔ضلع انتظامیہ اور پولیس کے فیلڈ عملے نے یہ ہدایات لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے مختلف علاقوں میں عوام تک پہنچائیں۔ بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دونوں اضلاع میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ آنے والے دنوں میں بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔انتظامیہ کی طرف سے جاری اپیل میں کہا گیاہے کہ ’’آنے والے دنوں میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں جو سیلاب اور زمین کھسکنے جیسے خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ندی نالوں، لینڈ سلائیڈنگ اور شوٹنگ اسٹون والے علاقوں سے دور رہیں‘‘۔انتظامیہ نے مزید کہا کہ لوگ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مقامی حکام سے رابطہ کیا جائے۔ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور سرکاری اطلاعات پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔