عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے منگل کے روز جیل میں بند لوک سبھا ایم پی انجینئر رشید کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں شرکت کے لیے 24 جولائی سے 4 اگست کے درمیان پیرول کی منظوری دے دی۔ انجینئر 2019 سے تہاڑ جیل میں بند ہے جب اسے 2017 کے دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)نے گرفتار کیا تھا۔ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے حراست میں پیرول منظور کیا۔انجینئرنے عبوری ضمانت یا حراستی پیرول کی درخواست کی تھی۔رشید کے وکیل نے پہلے درخواست کی تھی کہ ان کے موکل کو عبوری ضمانت دے کر پارلیمانی اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے۔ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ متبادل کے طور پر، رشید کو سفری اخراجات کی ادائیگی کے بغیر حراستی پیرول کی اجازت دی جا سکتی ہے۔این آئی اے نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عبوری ضمانت نہیں دی جانی چاہئے اور سفری اخراجات کی ادائیگی کے بعد ہی حراستی پیرول کی اجازت دی جاسکتی ہے۔