چاڈورہ میں گیس سلنڈر دھماکہ سے شہری مضروب
عارف بلوچ
اننت ناگ//مشتاق احمد وگے ولد محمد اشرف وگے ساکنہ دامجن قاضی گنڈ نامی شخص لورمنڈہ میں بورویل کے اندر موٹر فٹ کرتے وقت غالبا دم گھٹنے سے فوت ہوگئے ہے۔عینی شاہدین کے مطابق متوفی کنواں کھودنے کے بعد اس کے بیس پر موٹر لگانے کے لیے بور ویل کے اندر گیا، جہاں مبینہ طور پر دم گھٹنے کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گیا۔ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں کی ٹیموں کے ساتھ متعلقہ ایس ایچ او کی نگرانی میں فوری طور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور مذکورہ شخص کوبیہوشی کی حالت میں بور ویل سے باہر نکال کر فوری طور پر ایمرجنسی اسپتال قاضی گنڈ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ادھر حکام نے المناک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عام لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسی سرگرمیوں کے دوران مناسب حفاظتی اقدامات پر عمل کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ادھرکشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (KPDCL) کے ساتھ کام کرنے والا ایک 55 سالہ یومیہ مزدور منگل کوشوپیاں ضلع کے دنگام گاؤں میں ڈیوٹی کے دوران بجلی کا مہلک جھٹکا لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔متوفی کی شناخت محمد یعقوب ساکنہ چکورا شوپیان کے طور پر ہوئی ہے۔یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب 55 سالہ یومیہ مزدوربجلی کے ٹوٹے ہوئے تار کی مرمت میں مصروف تھے۔ کام کے دوران وہ ایک زندہ تار سے رابطے میں آیا اور اسے بجلی کا زبردست جھٹکا لگا۔اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال شوپیاں لے جایا گیا۔ تاہم ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اس دوران بڈگام ضلع کے فراش گنڈ دہرمونہ علاقے کا 14 سالہ لڑکا بجلی کے کرنٹ لگنے کے ایک واقعے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ نمائندے کے مطابق فرحان شبیر میر کو اتوار کی شام بجلی کا شدید جھٹکا لگا تھا اور اسے تشویشناک حالت میں سکمز صورہ لے جایا گیا تھا اور 48 گھنٹے سے زیادہ کی انتہائی نگہداشت میں رہنے کے باوجود، فرحان کا منگل کی صبح انتقال ہوگیا۔ادھر بادی پورہ چاڈورہ علاقے میں اپنی رہائش گاہ پر کھانا پکانے کا گیس سلنڈر پھٹنے سے غلام حسن ماگرے ولد غلام احمد ماگرے زخمی ہوا۔گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں ہوئے دھماکے کے فوراً بعد65سالہ غلام حسن ماگرے کو اہل خانہ نے علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال (ایس ڈی ایچ) ناگام پہنچایا۔ تاہم، ایس ڈی ایچ کے ڈاکٹروں نے اسے اعلیٰ نگہداشت کے لیے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر ریفر کر دیا، حکام نے بتایاکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔