محمد تسکین
بانہال// شعلہ بیان مبلغ اور داعی دین مولانا محمد یعقوب ربانی پیر کی علی الصبح فجر کے موقع پر اپنے گھر واقع ہنجہال، ڈولیگام بانہال میں اچانک رحلت کر گئے ہیں۔ وہ 64برس کے تھے ۔ ان کی نماز جنازہ میں سینکڑوں کی تعداد میں عام لوگوں، دینی ، سیاسی اور سماجی لیڈروں نے شرکت کی جبکہ ان کے نماز جنازہ کی پیشوائی مایہ ناز عالم دین اور داعی اسلام مولانا رحمت اللہ قاسمی نے کی۔ مولانا رحمت اللہ قاسمی نے محمد یعقوب ربانی کو اعلیٰ پایہ کا دینی عالم کہتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہایت ہی سادہ زندگی بسر کرتے تھے ۔ ان کی رحلت پر پورے بانہال میں ماحول سوگوار ہے اور کئی سیاسی ، سماجی اور دینی انجمنوں نے مولانا محمد یعقوب ربانی کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی اور علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی جنت نشینی کیلئے اللہ رب العزت سے دعا کی گئی ہے۔ محمد یعقوب ربانی نے اپنی زندگی کا بیشتر وقت شہر سرینگر کی مساجد میں امامت اور وعظ و تبلیغ کرتے ہوئے گزارا ہے اور پچھلے پندرہ ۔ بیس برسوں سے اپنے آبائی علاقے میں قائم دارالعلوم صدیقیہ بڈگام ہنجال کےمہتمم اور سرپرست تھے اور تاحیات اس سے منسلک تھے ۔ان کی وفات کے بعد مقامی سوشل میڈیا پر مولانا محمد یعقوب ربانی کی وفات کے حوالے سے سینکڑوں تعزیتی پیغامات پوسٹ کئے گئے ہیں اور ان کی دینی اور علمی خدمات کے علاوہ سماج اور نوجوان نسلوں کیلئے ان فکر اور سوچ کو یاد کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر عالم دین اور سماجی کارکن قاری محمد یوسف ضیاء نامی صارف نے اپنی تحریر میں مرحوم مولانا محمد یعقوب ربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھاکہ مولانا یعقوب ربانی صاحب کو مرحوم لکھتے ہوئے میرا ہاتھ کانپ رہا ہے، مولانا ایک تاریخی اور انقلابی پہچان رکھتے تھے، ان کے انتقال سے بانہال خصوصاً ڈولیگام نالہ کا پورا علاقہ صدمے میں ہے۔ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین سمیت کانگریس ، نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی ، ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کے لیڈروں اور عہدیداروں نے محمد یعقوب ربانی کی وفات پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے اللہ کی بارگاہ میں دعائیں کی گئی ہیں۔سینئر کانگریس لیڈر اور ڈی ڈی سی کونسکر امتیاز احمد کھانڈے سمیت کئی لیڈروں نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کے پاس جاکر اپنی تعزیت کا اظہار کیا ۔