لیفٹیننٹ گورنر کا ننون اور چندن واڑی بیس کیمپوں کا دورہ
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کل ننون اور چندن واڑی بیس کیمپوں کا دورہ کیا اور امرناتھ جی یاترا کے لئے یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے یاتریوں، خدمت فراہم کرنے والوں، لنگر سیواداروں، صفائی کارکنوں، طبی عملے اور یاترا کے لئے تعینات اِنتظامی، پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے مختلف محکموں کے اِنتظامات، لاجسٹکس، قیام و طعام، ڈیزاسٹرمینجمنٹ، صحت سہولیات اور پہلگام محور پر یاترا کے بیس کیمپوں میں دستیاب دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’شری امرناتھ جی یاترا 3,35,000 یاتریوں کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔ یاترا کی کامیابی یونین ٹیریٹری میں سیاحتی شعبے کو نمایاں فروغ دے گی۔ یاتریوں کی طرف سے 97 فیصد مثبت تاثرات موصول ہوئے ہیں۔ یاترا خوش اسلوبی سے جاری ہے اور تمام توقعات پر پوری اُتر رہی ہے۔ ہم بیس کیمپوں میں ایک زبردست اور بے مثال روحانیت کے ماحول کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے طبی حکام کو ہدایت دی کہ یاتریوں میں صحت سے متعلق پیش آنے والے واقعات کا گہرائی سے تجزیہ کیا جائے اور عقیدت مندوں کے لئے صحت کے مجموعی نتائج کو بہتر بنانے کے لئے احتیاطی تدابیر اِختیار کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا فیڈبیک سسٹم کا بھی جائزہ لیا اور ٹریفک سے متعلق فیڈبیک شامل کرنے کی ہدایت دی تاکہ بہتر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جا سکے اور یاتریوں کی روانی میں سہولیت فراہم کی جا سکے۔