عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع کے متعدد علاقوں میں شدید بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ بارش کے سبب بجلی کے کھمبے اور ٹرانسمیشن لائنیں متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں کئی دیہات اندھیرے میں ڈوب گئے۔محکمہ بجلی کے حکام کے مطابق، کئی مقامات پر ٹرانسمیشن لائنوں اور گھریلو ٹرانسفارمروں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم سب سے زیادہ نقصان بجلی کے کھمبوں کو ہوا ہے، جن میں سے متعدد اکھڑ گئے یا جھک گئے ہیں۔راجوری ضلع میں منگل کے روز تقریباً تین درجن دیہات بجلی سے محروم رہے، لیکن سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ تحصیل خواس ہے، جہاں اتوار کی سہ پہر سے بجلی مکمل طور پر بند ہے۔خواص کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ مین فیڈر لائنز کے کئی کھمبے شدید بارش کے دوران گر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی اتوار کی سہ پہر سے بند ہے اور دو دن سے بحال نہیں ہو سکی۔اس حوالے سے ایگزیکٹیو انجینئر محمد راشد، جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (JPDCL) راجوری ڈویژن نے بتایاکہ ’’ہماری ٹیمیں تحصیل خواس کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لئے انتھک محنت کر رہی ہیں، لیکن مسلسل بارش کے باعث مرمت کا کام تاخیر کا شکار ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بجلی کی کوشش ہے کہ جلد از جلد بجلی کی بحالی ممکن بنائی جائے، لیکن موسمی حالات اس میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔عوام نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ دیہی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال ہو سکے۔