عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//راجدھانی دہلی سمیت پورے این سی آر میں ساون مہینے میں مانسون پوری طرح سے سرگرم ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ پیر کے بعد آج منگل کو بھی صبح سے آسمان پر بادل چھائے رہے اور اس کے بعد بارش شروع ہو گئی۔ دھولا کنواں اور گروگرام میں اچانک ہوئی تیز بارش سے لوگوں کو بڑی راحت ملی۔دہلی کے علاوہ نوئیڈا، غازی آباد سمیت این سی آر میں صبح سے ہی بارش کے آثار نظر آ رہے تھے۔ بادلوں کے درمیان سورج کے غائب ہونے کے بعد جھما جھم بارش شروع ہوئی۔ غازی آباد کے گلدھر ریپڈ اسٹیشن کے پاس بھی تیز بارش دیکھنے کو ملی۔ صبح قریب 10 بجے شروع ہوئی بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے کچھ جگہوں پر ہلکا ٹریفک جام دیکھا گیا۔ دہلی کے راشٹرپتی بھون کے گرودوارہ رقاب گنج صاحب کے پاس تیز بارش ہوئی ہے۔آج کیلئے محکمہ موسمیات کا آرینج الرٹ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دہلی میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی گرج اور چمک کے ساتھ 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں بھی چلیں گی۔ این سی آر علاقوں کی بات کریں تو یہاں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آج دن بھر این سی آر شہروں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔پیر کو بھی صبح میں دہلی میں بادل چھائے رہے تھے۔ اس کے بعد شام کو جم کر بارش ہوئی۔