عاصف بٹ
کشتواڑ//بالائی علاقہ جات میں ہورہی مسلسل بارشوں کے سبب کشتواڑ ضلع کے متعددمقامات پر بڑے پیمانے پر نقصانات کی اطلاع موصول ہورہی ہیںجبکہ متعدد ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دھار بنگر کے علاقے میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں پچلی دھابری بنگر کے ڈھاوید نالہ کے قریبی مقامی چرواہوں سے تعلق رکھنے والی تقریباً 250-300بھیڑیں اور بکریاں ہلاک ہوئی ہیں ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ فرید ولد اسماعیل ، راشد ولد لعل دین ، نور علی و پریتم ناتھ ولد جانکی ناتھ ساکن ہلیل شروتی کی تین سو کے قریب بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے انکی مددکی اپیل کی ہے وہیں دچھن و پاڈر کے اوپری علاقہ جات میں بھی طوفانی بارشوں کے سبب ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال بنی ہوئی ہے اور پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انتظامیہ نے لوگوں سے ندی نالوں سے دوررہنے کی اپیل کی ہے۔