عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلع میں مرکزی معاونت یافتہ اسکیموں اور دیگر حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پردھان منتری جن دھن یوجنا، پردھان منتری جیون بیمہ یوجنا، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا، امرت 2.0، آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن، پی ایم اے وائی (اربن) 2.0، سواچھ بھارت مشن (اربن و دیہی)، نیشنل اربن لائیولی ہڈ مشن (NULM)، پی ایم ویشوکرما یوجنا، بھارت نیٹ، لاکھپتی دیدی، پوشن 2.0، پی ایم آدرش گرام یوجنا، سوامی تو اسکیم، پی ایم شری اسکولز، اور پرائمری ایگریکلچر کریڈٹ سوسائٹیز (PACS) کی کمپیوٹرائزیشن سمیت جموں-اکھنور-پونچھ قومی شاہراہ منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ڈی سی نے پی ایم شری اسکولوں کی اسکیم کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے فنڈز کے کم استعمال پر تشویش ظاہر کی اور افسران کو فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ مختص فنڈز کا بر وقت اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ڈی سی کو بتایا گیا کہ ضلع راجوری میں پی اے سی ایس کی 100 فیصد کمپیوٹرائزیشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ آیوشمان بھارت ہیلتھ اکاؤنٹ (ABHA ID) اسکیم کے تحت 67 فیصد کوریج حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ مکمل کوریج کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے پی ایم اے وائی (اربن) اور سواچھ بھارت مشن اربن کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بین محکمانہ ہم آہنگی اور زمینی سطح پر مؤثر نگرانی پر زور دیا۔اجلاس میں چیف پلاننگ آفیسر مقصود احمد، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت شیراز چوہان، اسسٹنٹ کمشنر ڈیفنس اسرار احمد، چیف ایجوکیشن آفیسر، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر عبد الرحیم، تحصیلدار راجوری ورندر شرما، تحصیلدار تھنہ منڈی، میونسپل کمیٹیوں کے ایگزیکٹو افسران سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔