عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر // سخت ترین حفاظتی انتظامات کے بیچ سالانہ امرناتھ یاترا جاری ہے،اس دوران 3700یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ جموں بیس کیمپ سے کشمیرپہنچ گیا ۔ سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ 3700سے زیادہ یاتریوں پر مشتمل تازہ قافلہ جموں بیس کیمپ سے وادی کشمیر پہنچ گیا۔ حکام نے بتایا کہ سی آر پی ایف اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ 3,791 یاتریوں کا تازہ قافلہ 3,067 مرد، 522 خواتین، نو بچے، 192 سادھو اور سادھویاں، اور ایک ٹرانسجینڈر صبح 148 گاڑیوں میں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا یاتریوں کا قافلہ، 52 گاڑیوں میں 1,208 یاتریوں کو لیکرگاندربل ضلع میں چھوٹے لیکن 14 کلومیٹر طویل بالتل راستے کیلئے روانہ ہوا، اس کے بعد 96 گاڑیوں میں 2583 یاتریوں کا دوسرا قافلہ، جو 48 کلومیٹر کے روٹ کے ذریعے یاترا کا آغاز کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اب تک 4 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے یاترا کے لیے آن لائن رجسٹریشن کرایا ہے۔38 روزہ یاترا 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔