عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع پونچھ میں ایک سرکاری اسکول کی عمارت کے پتھر کی زد میں آنے سے ایک کمسن طالب علم کی موت پر گہرے صدمے کا ظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے بینچھ علاقے میں پیر کی صبح ایک گورنمنٹ ا سکول کی عمارت ایک بھاری بھر کم پتھر کی زد میں آنے سے ایک کمسن طالب علم کی موت واقع ہوئی جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔
منوج سنہا نے اس واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا پرائمری اسکول کلسین، پونچھ میں پتھر کے گرنے سے 5 سالہ بچے کی موت کی خبر دل کو دہلا دینے والی ہے۔انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے زخمی بچوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا کی۔عمر عبداللہ نے اس واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
ان کے دفتر کے’ایکس‘ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیاپونچھ کے کلیساں بینچھ میں سرکاری اسکول عمارت پتھر کی زد میں آنے سے ایک کمسن طالب علم کی المناک موت پر افسوس ہوا۔انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی طالب علموں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا کی۔
پونچھ میں لینڈ سلائڈنگ سے طالب علم کی موت پر منوج سنہا، عمر عبداللہ کا اظہار افسوس
