عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر صحت و تعلیم سکینہ ایتو نے پیر کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ’’بڑی مچھلیوں‘‘کو گرفتار کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس تباہی سے بچایا جا سکے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ ایک حساس معاملہ ہے اور ’’ہمیں اپنی آنے والی نسل کو بچانا ہے۔ اگر ہمیں کشمیر کو منشیات سے پاک معاشرہ بنانا ہے تو یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہر طبقے اور کمیونٹی کو اس میں کردار ادا کرنا ہوگا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ صرف محکمہ صحت اور پولیس اس سنگین مسئلے کو تنہا حل نہیں کر سکتے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بڑی مچھلیوں کو پکڑا جائے۔ صرف نچلی سطح پر جرم کرنے والوں کو گرفتار کرنے سے یہ مسئلہ ختم نہیں ہوگا۔
وزیر نے مزید کہااگر ہمیں کشمیر سے منشیات کے ناسور کو ختم کرنا ہے تو ہم سب کو اس کی ذمہ داری لینی ہوگی۔ جب تک ہم سب اس میں برابر کے شریک نہ ہوں، ہم اس جنگ میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ حکومت اور پولیس اپنا کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مذہبی رہنماؤں اور برادری کے افراد پر بھی زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اس لعنت کے خلاف کردار ادا کریں۔
جموں و کشمیر میں منشیات پر قابو پانے کے لیے ’’بڑی مچھلیوں‘‘کو گرفتار کرنا ضروری: وزیر سکینہ یتو
