کیف حسن زیدی
جموں // جے ڈی اے پارک کے سامنے اور قاسم نگر (فورچیون ہوٹل کے نزدیک) کے علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالی نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ روزانہ درجنوں گاڑیاں، رکشےاور سکول وینیں ان خستہ حال سڑکوں سے گزرنے پر مجبور ہیں، جہاں گہرے گڑھے، اکھڑا ہوا تارکول، اور غیرہموار سطح سے حادثات کا خطرہ ہر وقت منڈلاتا رہتا ہے۔علاقے کے دکانداروں اور مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی بار انتظامیہ کو اس مسئلے کی طرف توجہ دلائی گئی، لیکن آج تک کوئی خاطر خواہ کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ دلی دربار بریانی سینٹر، نیو کار زون، اور دیگر دکانوں کے سامنے سڑک کی حالت اتنی خراب ہے کہ پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔گاڑیوں کے پنکچر ہونا، ٹریفک کا جام رہنا، اور سکول جانے والے بچوں کو گڑھوں کی وجہ سے دشواری کا سامنا روز کا معمول بن چکا ہے۔ بارش کے دنوں میں یہ گڑھے مزید خطرناک بن جاتے ہیں اور لوگوں کے کپڑے تک خراب ہو جاتے ہیں۔عوامی حلقوں نے جموں میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ محکمہ تعمیراتِ عامہ سے اپیل کی ہے کہ ان سڑکوں کی فوری مرمت کر کے عوام کو اس اذیت سے نجات دلائی جائے۔قریب ہی سکول جانے والے بچوں اور بزرگوں کو سب سے زیادہ دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو سکول بھیجتے ہوئے خوفزدہ رہتے ہیں کہ کہیں وہ کسی گڑھے میں گر نہ جائیں یا گاڑی پھسل نہ جائے۔ بارش کے دنوں میں تو کپڑے اور جوتے خراب ہونا ایک معمول بن چکا ہے۔ کئی دکانداروں کا کہنا ہے کہ گاہک اکثر آنے سے کتراتے ہیں کیونکہ سڑک کی حالت دیکھ کر وہ اپنی گاڑی یہاں روکنے سے گریز کرتے ہیں۔ ہم نے کئی بار انتظامیہ کو درخواستیں دی ہیں، لیکن یا تو ہمیں وعدے ملتے ہیں یا خاموشی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ علاقے شہر کے مرکز کے قریب واقع ہیں اور ان کی یہ حالت قابلِ افسوس ہے۔ جموں شہر میں صفائی، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہت بات کی جاتی ہے، لیکن حقیقت میں حالت کچھ اور ہی ہے۔عوام نے جموں میونسپل کارپوریشن، محکمہ تعمیرات عامہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد ان سڑکوں کی مرمت کا عمل شروع کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف عارضی مرمت نہیں، بلکہ مستقل بنیادوں پر سڑک کی مکمل ری کارپیٹنگ ہونی چاہیے تاکہ آئندہ بارشوں میں عوام کو دوبارہ یہ تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔