عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر میں 28 جولائی تک بکھرے ہوئے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے تیز بارش ہونے والی ہے۔زیادہ مقدار میں بارش کا پانی، لینڈ سلائیڈنگ اور پتھرگرنے کے واقعات بھی متوقع ہیں۔ موسمیاتی مرکز سرینگر نے اتوار کو پیش گوئی کی کہ 20 جولائی کو موسم گرم اور مرطوب رہا اور شام کے بعد بالائی علاقوں میں وسیع مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ پیش گوئی میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں ڈویژن کے الگ تھلگ مقامات پر خاص طور پر دیر رات/صبح کے وقت تیز بارش کا امکان ہے۔21 سے 24 جولائی کو جموں و کشمیر میں موسم “عموما ابر آلود” رہے گا جس کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی اور کئی مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان بھی ہے۔25 سے 28 جولائی تک کچھ مقامات پر تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ جموں و کشمیر میں الگ تھلگ جگہوں پر شدید بارشیں ہوں گی۔ موسمیاتی مرکز سری نگر نے عوام کو چند خطرناک مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ / مٹی کے تودے اور پتھرگرنے کے ساتھ سیلاب کے امکان کے بارے میں خبردار کیا کیونکہ جموں و کشمیر میں 21 سے 24 جولائی کے دوران شدید بارشوں کی توقع ہے۔ اس نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس کے دوران کھیتی کے کام کو روک دیں۔ادھر سرینگر شہر میں اتوار کو ایک بار پھر گرمی کی لہر رہی۔اتوار کو درجہ حرارت 34.6درج کیا گیا۔قاضی گنڈ میں 32.7،پہلگام میں 29.3، کوکر ناگ میں 31.9، کپوارہ میں 33.7اور گلمرگ میں 23.6ریکارڈ کیا گیا۔