عاصف بٹ
کشتواڑ//اتوار کی دوپہر کو چرجی اور دچھن کے دور افتادہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان انکائونٹر شروع ہو گیا ،جوکافی دیر تک جاری تھا۔ پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مذکورہ علاقے کو مشتبہ نقل و حرکت کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سخت محاصرے میں لیا تھا۔پولیس کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران فورسز پارٹی پر اچانک شدید فائرنگ کی گئی، جس کے بعد فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اضافی کمک روانہ کر دی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ مختصر گولی باری اس وقت ہوئی جب فوج کی مدد سے پولیس نے ملی ٹینٹوں کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد دچھن اور ناگسینی کے درمیان واقع خانکو جنگل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے کہا ہے کہ ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے اور انہیں بے اثر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔