مشتاق الحسن
ٹنگمرگ // درنگ ٹنگمرگ میں آثارقدیمہ کے یادگار صحیح دیکھ بھال نہ ہونے سے نابودہونے کے قریب ہیں۔ یہاں آنے والے سیاحوں نے ان یادگاروں کے گرد نواح کو جاذب نظر بنانے کیلئے محکمہ آثار قدیمہ پر زور دیاہے ۔سیاحتی مقام درنگ ٹنگمرگ میں موجود آثارقدیمہ کے یہ یادگارجنہیں بتایاجاتا ہے کہ پانڈوں نے تعمیر کیا ہے،صحیح دیکھ بھال نہ ہونے کی بناپر ویرانی کا منظر پیش کررہے ہیں جو یہاں آنے والے سیلانیوں کو ایک آنکھ بھی نہیں بھاتا ۔یہاں آنے والے سیاحوں نے بتایا کہ پانڈوں کی آخری نشانی جو کہ درنگ ٹنگمرگ میں موجود ہے اورجو محکمہ آثارقدیمہ کے سپرد ہے، مگر متعلقہ محکمہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ پانڈو ں کی اس یادگار کے احاطے کو جہاں جاذب نظر بنانے کی اشد ضرورت ہے، وہیں ان کی تعمیرمیں استعمال ہوئے بھاری وزنی پتھروں کو اپنی جگہ واپس رکھنا بھی لازمی ہے، چونکہ کچھ پتھر اپنی جگہ سے کھسک گئے ہیں جو کہ بد صورتی کا منظر پیش کررہے ہے۔ درنگ میں ڈھابہ چلانے والے سجاد احمد کا کہنا ہے کہ کافی عرصہ سے محکمہ آثار قدیمہ نے درنگ کی اس یادگار کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ سجاد کا کہنا تھا کہ یہاں آنے والے سیاح اکثر اس مقام کو دیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں تاہم وہاں موجود ڈھانچہ تتر بتر دیکھ سیاح مایوس واپس لوٹ جاتے ہیں ۔سیاحوں اور عام لوگوں نے درنگ میں موجود یادگار کی صحیح دیکھ ریکھ کی محکمہ آثار قدیمہ سے مانگ کی ہے ۔