غلام نبی رینہ+ عظمیٰ نیوزسروس
کولگام+کنگن // وادی میں سڑک کے الگ الگ حادثات میں موٹرسائیکل سوارہلاک جبکہ چارزخمی ہوگئے۔دیوسرکولگام میں سڑک کے المناک حادثے میں جوان سال موٹر سائیکل سوا ر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو ا ۔ دیوسر کے چیان اڈیگام کے قریب ایک موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 20سالہ نوجوان ثقلین مشتاق ولد مشتاق احمد وانی ساکنہ مالوان دیوسر اور راہل احمد شدید طو رپر زخمی ہو گئے جس کے بعد دونوں کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں موٹر سائیکل ڈرائیور ثقلین مشتاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا جبکہ دوسرے نوجوان کا علاج جاری ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے دونوںکو ضلع ہسپتال کولگام علاج کیلئے پہنچایا جہاں ایک کی موت ہوئی اور دوسرے کا علاج جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کیس درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔کلن گنڈ میں سڑک حادثہ تین افراد زخمی ہوئے ۔ زیرو پوائنٹ کلن گنڈ میں ایک انوا گاڑی زیر نمبر JK03D-1473 نے سکوٹی زیر نمبر JK16B-9391 کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں سکوٹی پر سوار ازہر رشید وار ولد عبدالرشید وار ساکن منی گام گاندربل ،فیضان نبی ولد غلام نبی راتھر ساکن منی گام گاندربل اور ہاشم احمد ولد بشیر احمد شاہ ساکن گاندربل زخمی ہوگئے ، جن کو علاج کیلئے نزدیکی ہسپتال لیجایا گیا ،جہاں سے تینوں کو مزید علاج کیلئے برزلہ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔