مشتاق الاسلام
پلوامہ//پلوامہ میں غیر قانونی مٹی نکالنے کے خلاف ایک اہم کارروائی کے دوران ڈسٹرکٹ منرل آفیسرڈاکٹر خورشید احمد کی قیادت میں رات کے وقت بڑے پیمانے پر چھاپے مارے گئے، جس دوران 15 گاڑیاں ضبط کی گئیں، جن میں اہ؛ اہمڈ ٹہ مشین اور دو جے سی بی مشینیں بھی شامل ہیں۔یہ کارروائیاں منڈیک پال، لدھو پانپور، بدرون، اور وہی بگ جیسے علاقوں میں کی گئیں، جو کہ ماحولیاتی لحاظ سے حساس مانے جاتے ہیں۔ چھاپوں کا مقصد قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروانا تھا۔ڈاکٹر خورشید احمد، جنہوں نے ذاتی نگرانی میں یہ آپریشن انجام دیا، نے کہا کہ غیر قانونی مٹی نکالنا نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ ہمارے ماحول کے توازن کو بھی بری طرح متاثر کرتا ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔محکمہ جیولوجی اینڈ مائننگ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اور آئندہ دنوں میں مزید چھاپے اور اچانک معائنوں کا سلسلہ تیز کیا جائے گا۔مقامی لوگوں نے حکام کے اس جرات مندانہ قدم کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہنی چاہیے۔ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اگر کہیں بھی غیر قانونی مٹی یا معدنیات کی نکاسی کی اطلاع رکھتے ہوں تو فورا متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔ اطلاع دہندگان کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ کارروائی پلوامہ انتظامیہ کی ماحولیاتی جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی ایک واضح مثال ہے، جو ضلع میں پائیدار ترقی کے عزم کو مضبوطی سے ظاہر کرتی ہے۔