عارف بلوچ +عظمیٰ نیوزسروس
سری نگر//سرینگر اوراننت ناگ میں آگ کی الگ الگ وارداتوں میں چھ مکان خاکستر ہوگئے۔سرینگر کے راج باغ علاقے میں اتوار کی شام ایک زبردست آگ لگ گئی، جس نے عثمانیہ مسجد کے قریب کم از کم تین رہائشی مکانات کو لپیٹ میں لے لیا۔خبر رساں ایجنسی تک پہنچنے والی اطلاعات کے مطابق آگ ایک رہائشی مکان سے شروع ہوئی اور تیزی سے قریبی عمارتوں میں پھیل گئی۔ علاقے سے آگ کے شعلے اور گاڑھا دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی مدد سے ہماری ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ہم آگ پر قابو پانے کی تمام کوششیں کر رہے ہیں۔جب یہ رپورٹ درج کی گئی تو آپریشن ابھی جاری تھا۔ابھی تک کسی زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ آگ لگنے کی صحیح وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔اس دوران اننت ناگ کے شیر پورہ علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 3 رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے اور کروڑوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔قصبہ کے گنجان والے محلہ شیر پورہ میں اتوار سہ پہر اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آنافانا کئی مکانوں کو اپنے لپیٹ میں لے لیا اور چند منٹوں میں آگ کے شعلے بھڑک اٹھے جس کے نتیجے میں مزید دو رہائشی مکان مکمل طور خاکستر ہوئے۔مقامی لوگوں کے مطابق مقامی نوجوانوں اور فائر سروسز محکمے کے اہلکاروں کی زبردست کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ آگ کی اس واردات میں تین مکان مکمل طور پر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔جس کے سبب کئی کنبے کھلے آسمان تلے آگئے ،جن میں نذیر احمد ڈار،شیزان منظور اور غلام رسول ڈار شامل ہیں۔ آگ لگنے کی اصل وجوہات معلوم نہ ہوسکی ہے۔