عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں بھی ہر اتوار کو سنڈے مارکیٹ سجایا جاتا ہے جہاں لوگ خریداری کرتے ہیں ۔ گزشتہ برسوں میں سنڈے مارکیٹ ایک اہم کاروباری مرکز اُبھر گیاہے اور ہزاروں افراد کیلئے یہ روزی روٹی کا سامان بن گیا ہے ۔ سرینگر کے علاوہ اننت ناگ، کپوارہ، ہندوارہ، کولگام ، پلوامہ اور شوپیاں میں بھی اب سنڈے مارکیٹ سجتے ہیں اور لوگ جم کر خریداری کرتے ہیں ۔ ادھر سرینگرکے’سنڈے ماریکٹ ‘میں اتوار کو بھی لوگوں کا رش رہااورشدید گرمی کے باوجود لوگوں نے جم کر خریداری کی ۔ مارکیٹ میں خواتین اور بچے بھی اپنی اپنی پسند کی چیزیں خریدنے میں مصروف تھے ۔تی آر سی سے لیکر مہاراجہ بازارتک سڑک کے دونوں جانب ہزاروں کی تعداد میں چھاپڑی فروشوں نے مال سجایا جس میں ملبوسات، کمبل اور دیگر سازوسامان تھا ۔ لوگ کی تعداد بڑھتی گئی اور دوپہر تک ہزاروں کی تعداد میں لوگ سنڈے مارکیٹ پہنچے ۔ اچھی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ ادنیٰ کمپنیوں کا مال بھی خریداروں کی خدمت میں رکھا جاتا ہے ۔ سنڈے مارکیٹ وادی کاایک وہ واحدمارکیٹ ہے جہاں اس تعدادمیں لوگ خریداری کرتے ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ سے جڑے کئی افراد نے کہا کہ اس مارکیٹ کی وجہ سے ہی ان کے اہل و عیال کا پیٹ پلتا ہے کیونکہ ہفتے کے چھ دن وہ سنڈے مارکیٹ کیلئے مال تیار رکھتے ہیں اورپھرساتویںدن یہاںفروخت کرتے ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو روزگار میسر ہوتا ہے جن میں چھاپڑی فروشوں کے علاوہ ، مسافر گاڑیاں ، آٹو، لوڈ کیریئراور دیگر لوگ شامل ہیں ۔