عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ ہمیں دہشت گردی، اس کے ماحولیاتی نظام اور منشیات کے خلاف متحد ہوکر جنگ لڑنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ’’پیڈل تھرو پیراڈائز‘‘ صرف کھیلوں کا ایونٹ نہیں ہے بلکہ نئے جموں کشمیر کی علامت ہے جو نوجوانوں کو ایک پیغام بھیجتا ہے کہ وہ تشدد اور منشیات کے بجائے ترقی کی راہ کا انتخاب کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا سری نگر میں جموں و کشمیر پولیس کی ’’پیڈل تھرو پیراڈائز سائیکل ریس‘‘میں شرکاء کے درمیان جوش و خروش اور اتحاد کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی، میں جموں و کشمیر پولیس کی اس اختراعی پہل کی تعریف کرتا ہوں جس کا مقصد ہمارے نوجوانوں کی زندگیوں میں نئے خوابوں کو پروان چڑھانا، نئی طاقت اور نئی امنگیں پیدا کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا’’پیڈل تھرو پیراڈائز‘‘صرف کھیلوں کا ایونٹ نہیں ہے بلکہ نئے جموں کشمیر کی علامت ہے جو نوجوانوں کو ایک پیغام بھیجتا ہے کہ وہ تشدد اور منشیات کے بجائے ترقی کی راہ کا انتخاب کریں۔
منوج سنہا نے کہاہمیں متحد ہو کر دہشت گردی، اس کے ماحولیاتی نظام اور منشیات کی لت کے خلاف جنگ لڑنی چاہیے۔ یہ میرا پختہ عزم ہے کہ دہشت گردی کو ہوا دینے والے ماحولیاتی نظام اور نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے، ہتھیاروں کی فراہمی، فنڈنگ، ٹارگیٹ بنانے اور دہشت گردوں کی مدد کرنے والے پورے نیٹ ورک کو تباہ کریں۔انہوں نے کہاانتظامیہ ’’امن خریدنے‘‘کے لیے نہیں بلکہ خطے میں ایک پائیدار اور انصاف پسند امن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ان کا زور دے کہنا تھا کہ اگرچہ کسی بے گناہ کو ہاتھ نہیں لگایا جائے گا لیکن قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
ایل جی نے کہاانتظامیہ اب دہشت گردوں کے ہاتھوں نقصان اٹھانے والے خاندانوں کی بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہاجموں و کشمیر میں بہت سے خاندانوں نے اپنے پیاروں کو دہشت گردی سے کھو دیا ہے، کچھ گھروں میں صرف بوڑھے والدین ہی رہ گئے ہیں، ان کے بیٹوں کو بے دردی سے مار دیا گیا تھا اور پاکستان کے کہنے پر ہزاروں افراد کو قتل کیا گیا۔
عوام سے سیکورٹی فورسز کے ساتھ متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘نیا جموں و کشمیر صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے جو پچھلے کچھ سالوں میں تیار ہوا ہے۔ اس نئے دور میں نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھروں کی جگہ قلم اور لیپ ٹاپ نے لے لی ہے،اسکول اور کالج اب ہرتالوں کے بغیر سال بھر کھلے رہتے ہیں۔ علیحدگی پسند نعروں اور شٹ ڈاؤن کیلنڈروں کے دن گئے، آج ہمارے پاس قومی اور بین الاقوامی تقریبات سے بھرے کیلنڈر ہیں۔
سنہا نے کہانیا جموں و کشمیر میں، فیکٹریوں کے شور نے علیحدگی پسند نعروں کی جگہ لے لی ہے۔انہوں نے کہالوگ اب محرم کے جلوسوں اور عید میلوں جیسی مذہبی اور ثقافتی تقریبات میں آزادانہ طور پر حصہ لے سکتے ہیں، اور کنبے بغیر کسی خوف کے گھوم سکتے ہیں اور سنیما ہالوں میں فلمیں دیکھ سکتے ہیں۔
ہمیں دہشت گردی اور منشیات کے خلاف متحد ہوکر جنگ لڑنی چاہئے: منوج سنہا
