عظمیٰ نیوز سروس
کوٹرنکہ //راجوری ضلع کی تحصیل بدھل میں گھبر پنچایت کے وارڈ نمبر 6، گوجر محلہ میں ایک خانہ بدوش خاندان کے خالی مکان میں چوری کی واردات سامنے آئی ہے۔ نامعلوم چور گھر سے نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی گھریلو اشیاء چرا کر فرار ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص محمد شکور ولد مرحوم حکیم دین، جو اپنے مویشیوں کے ساتھ موسمی ہجرت کے تحت بالائی علاقوں (ڈھوک) میں مقیم تھا، اس کے گھر کو اْس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اور اس کا خاندان وہاں موجود نہیں تھا۔متاثرہ خاندان نے بتایا کہ چوروں نے پہلے باتھ روم کی پائپ کو نقصان پہنچا کر گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی، پھر مین گیٹ کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ واردات میں ہزاروں روپے نقدی، زیورات اور پانچ عدد کمبل چوری ہوئے۔یہ واقعہ بدھل پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے اور اس سلسلے میں پولیس کو باقاعدہ رپورٹ درج کروا دی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارروائی کی جائے، چوروں کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا جائے اور آئندہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔