جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھرقصبے میں چوریوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ واردات میں مین بازار میں واقع ایک سونار کی دکان کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سونا و زیورات چوری کر لئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ بیس دنوں میں یہی دکان دوسری مرتبہ چوری کی زد میں آئی ہے، جس سے دکاندار طبقہ میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔پولیس نے اس واقعہ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ دکانداروں نے پولیس اور انتظامیہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر چور کو کسی موقع پر پولیس نے پکڑا تھا، تو پھر وہ فرار کیسے ہوا؟ اس پہلو کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔دکاندار طبقے نے ایس ایس پی پونچھ اور ایس ڈی پی اومینڈھرسے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعہ کا سنجیدہ نوٹس لیں اور بازار میں گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کی وارداتوں کو روکا جا سکے۔تاجروں نے واضح کیا ہے کہ اگر مین بازار جیسے حساس علاقے میں اس طرح کی چوریاں ہو سکتی ہیں، تو یہ حالات کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے، اور انتظامیہ کو فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے تاکہ عوام اور دکانداروں کا اعتماد بحال ہو سکے۔