عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر //اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ خون اور پانی ساتھ نہیں بہہ سکتے اور پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ میں رکنے سے آنے والے وقت میں اس کی معیشت متاثر ہوگی لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ میں پہلگام حملے میں مارے جانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کو بھارت کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا۔ ہم دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر کے حصول کے بہت قریب ہیں۔ عام کشمیری اس دہشت گردی کے خلاف ہے۔
ذرائع مطابق سنت کمار شرما کی لکھی ہوئی ایک کتاب’’انڈس واٹر ٹریٹی ‘‘ مررنگ دی فیکٹس کی ریلیز کے موقع پر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے پہلگام حملے میں مارے گئے لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا ’’میں پہلگام حملے میں مارے جانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردوں نے ہمارے شہریوں کو قتل کیا، آپریشن سندورشروع ہوا، اور کیا ہوا، سب کو معلوم ہے، اس سے پہلے وزیر اعظم مودی نے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، جو ایک تاریخی فیصلہ تھا۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ اس معاہدے کے بعد بھارت کو تین جنگیں بھی لڑنی پڑیں، اور بھارت کشمیر میں دہشت گردی کو روکنے میں ناکام رہا‘‘۔
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے یقین دلایا کہ ریاست دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا ’’ مستقبل میں دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کو بھارت کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا۔ ہم دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر کے حصول کے بہت قریب ہیں۔ عام کشمیری اس دہشت گردی کے خلاف ہے۔ پاکستان نے کئی بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا ہے۔
دہشت گردی کے مقدمات میں ایف آئی آر درج کی جائے گی اور دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جائے گا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز ٹی آر ایف کو امریکہ نے دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا ہم دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔اس سے پہلے دن میںلیفٹنٹ گورنر نے مہارشی دیانند سرسوتی کے 200ویں یوم پیدائش اور آریہ سماج کے قیام کی 150ویں سالگرہ کی یاد میں جموں میں صوبائی آریہ مہاسمیلن سے خطاب کیا۔
پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کی روک تھام کا سامنا کرنا پڑے گا،خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا: منوج سنہا
