عظمیٰ نیوزسروس
جموں// انسداد بدعنوانی بیورو نے جمعہ کو جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایک جونیئر اہلکار کو جموں کے بالین دومانہ علاقے میں تعمیراتی کام کی اجازت دینے کے عوض 10,000روپے رشوت طلب کرنے اور لینے کے الزام میں گرفتار کیا۔ترجمان نے ایک بیان میں اے سی بی کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ جے ڈی اے کے ایک جونیئر عہدیدار کیول کرشن نے شکایت کنندہ سے دو منزلہ عمارت کی مزید تعمیر کی اجازت دینے کے لیے 20,000روپے کی رشوت طلب کی ہے۔شکایت کنندہ نے اے سی بی کو مطلع کیا کہ ملزم نے پہلی قسط کے طور پر 10,000روپے قبول کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ رشوت دینے کو تیار نہ ہونے پر شکایت کنندہ نے سرکاری ملازم کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے اے سی بی سے رجوع کیا۔صوابدیدی توثیق کرنے کے بعد جس نے مطالبہ کی تصدیق کی، بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ 1988کی دفعہ 7کے تحت ایف آئی آر نمبر 14/2025 پولیس اسٹیشن اے سی بی جموں میں درج کیا گیا، اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ایک گزیٹیڈ افسر کی قیادت میں ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، اور ملزم کو شکایت کنندہ سے ₹ 10,000وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ جال آزاد گواہوں کی موجودگی میں بچھایا گیا۔ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا، اور قانونی طریقہ کار کے مطابق رشوت کی رقم موقع پر ہی برآمد کر لی گئی۔اس کے ساتھ ہی ایک مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں، فلور ہرام کنڈ گجنسو، تحصیل مڑھ ضلع جموں میں واقع ملزمین کے رہائشی احاطے کی تلاشی لی گئی۔حکام نے بتایا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔