عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) جموں میں 5 روزہ اورینٹیشن پروگرام کے اختتامی اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کیمپس کے اندر تیجس سپورٹس کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا۔اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے تمام طلباء کو ان کے نئے سفر کے آغاز پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے انتظامیہ کے طلباء پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی زندگیوں کو تبدیل کرنے پر توجہ دیں، جامع ترقی پر زور دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی پیچھے نہ رہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”میں نوجوان اور روشن ذہنوں کو کل کے کاروباری لیڈروں اور مفکرین کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں جو معاشرے کی معاشی ترقی اور اس عظیم ملک کے مستقبل کو تشکیل دیں گے۔جیسا کہ ہم 2047تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا چاہتے ہیں، ہمیں سب کے لیے زیادہ سے زیادہ خوشحالی کو یقینی بنانا چاہیے۔ہندوستان کی کاروباری اختراع اور وسائل کے انتظام کا مستقبل کاروباری رہنماؤں اور آنے والے کل کے مفکرین کے کندھوں پر ہے۔ یہ کاروباری رہنماؤں اور مفکرین کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ صنعتی ترقی کو تیز کریں، نجی سرمایہ کاری کو محفوظ بنائیں، اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیں اور ایسے نجی شعبے کی تعمیر کریں جو ملک کے معاشی استحکام میں معاون ہو” ۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں کشمیر تعلیم اور اختراع کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔انہوں نے IIM جموں کی جموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے میں نمایاں شراکت کے لیے تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تیجس اسپورٹس کمپلیکس کا آج افتتاح کیا گیا ہے جو IIM جموں کے طلباء کی مجموعی ترقی کے عزم کی علامت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ آئی آئی ایم جموں میں طلباء کا نیا سفر تعلیمی دنیا اور حقیقی دنیا کے درمیان ایک مضبوط رابطہ قائم کرے گا، اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مہارتوں اور اقدار کے امتزاج کے ذریعے وہ قابل پیشہ ور افراد ابھریں جو قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہوں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پانچ Csتعاون، تنقیدی سوچ، کمیونیکیشن، تخلیقی صلاحیت اور تجسس کل کے کاروباری لیڈروں کو ضروری زندگی کی مہارتوں سے آراستہ کرے گا، جو انہیں تیزی سے ابھرتی ہوئی دنیا کے چیلنجوں کو مؤثر طریقے سے نیویگیشن کرنے کے لیے بااختیار بنائے گا۔انکاکہناتھا’’ٹیکنالوجی تیزی سے ہماری دنیا کو نئی شکل دے رہی ہے، خاص طور پر کاروباری منظر نامے کو۔ آپ کا کردار کاروبار کرنے میں آسانی اور سب کے لیے زندگی گزارنے میں آسانی کے لیے انتظامی طریقوں اور تکنیکی جدت طرازی کو بروئے کار لانا ہوگا‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ آپ کی قیادت اور مسائل حل کرنے کی مہارتیں سماجی ترقی کو نئی تحریک فراہم کریں گی، پائیدار کاروباری ماڈلز کے ذریعے مقامی کاروباری ثقافت کو فروغ دے گی۔