محمد تسکین
جموں//جمعہ کے روز کٹھوعہ کے دوارہ علاقے میں بنی-بسوہلی سڑک پر پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل سڑک حادثے کا شکار ہوا، جس میں موٹر سائیکل سوار اور اس کا ساتھی دونوں زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال بسوہلی منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔جاں بحق شخص کی شناخت سوہن سنگھ ولد مان سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ زخمی کی شناخت ست بیر سنگھ ولد چمیل سنگھ ساکن رَوالکا کے طور پر کی گئی ہے، جسے بہتر علاج کے لیے جی ایم سی کٹھوعہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ ادھرضلع اُدھمپور کے بٹل بلیاںعلاقے میں امرناتھ یاترا پر جانے والے یاتریوں کی گاڑی کو ایک ٹرک نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں آٹھ یاتری زخمی ہو گئے۔حکامکے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک رجسٹریشن نمبر PB65AV/9318نے انووا گاڑی رجسٹریشن نمبر UP81BN/3701کو ٹکر مار دی، جو یاتریوں کو کشمیر لے جا رہی تھی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، گاڑی میں اُس وقت آٹھ یاتری سوار تھے۔ ان میں سے تین کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ پانچ دیگر یاتری شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج ایسوسی ایٹڈ ہسپتال اُدھمپور منتقل کیا گیا۔پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔