حسین محتشم
پونچھ//بابا بڈھا امرناتھ یاترا منڈی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس دوران جہاں ضلع انتظامیہ کی جانب سے تمام تر انتظامات کئے جا رہے ہیں وہیں پولیس کی جانب سے بھی حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اس سلسلہ میں ڈی آئی جی آر پی رینج تیجندر سنگھ نے ایس ایس پی شفقت بٹ، ایڈیشنل ایس پی موہن لال شرما اور دیگر افسران کے ہمراہ دشنامی اکھاڑہ مندر پونچھ اور یاترا گراؤنڈ پونچھ کا دورہ کیا۔اس دوران مختلف ہندو تنظیموں کے عہدے داران بھی وہاں موجود رہے جنہوں نے افسران کو انتظامات کے حوالے سے بتایا۔ڈی آئی جی آر پی رینج تیجندر سنگھ نے اس دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ شری بڈھا امرناتھ یاترا کہ حوالے سے سیکورٹی انتظامات کو لے کر تھا جو 28 جولائی 2025 سے شروع ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دوران انہوں نے اس بات کا جائزہ لیا کہ کہاں کہاں مورچے بنائے جائیں اور کس طرح کے سیکورٹی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی جی سے تین بجے کے بعد کوئی بھی یاتریوں کی گاڑی نہیں چھوڑی جائے گی۔بجرنگ دل کے ضلعی صدر نیشو گپتا نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی یاترا بجرنگ دل اور وشو ہندوپرشد کی جانب سے کاروائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ائی جی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ یاتریوں کی ہر طرح سے حفاظت کی جائے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی یہاں کے عوام آپسی بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاتریوں کا استقبال کرے گی۔