عوام کودرپیش مسائل ومشکلات سے آگہی حاصل کی
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو جموں رابطہ دفتر میں عوامی ملاقات کے بعد آج سری نگر’ رابطہ‘ دفتر میں عوامی شکایات سنیں۔متعدد وفود اور اَفراد نے آج ہفتہ وار عوامی رَسائی پروگرام میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اُنہیں مختلف طبقات کو درپیش مسائل، مطالبات اور چیلنجوں سے آگاہ کیا۔پدم شری ایوارڈ یافتہ پروفیسر اقبال ایس حسنین جو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، مسقط عمان کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن ہیں، نے وزیر اعلیٰ کو اَپنی کتاب ’’فالٹ لائنز اِن دی فیتھ‘‘پیش کی۔ پروفیسر حسنین ہم درد یونیورسٹی اور اِنڈین ماؤنٹینئرنگ فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رُکن اور جامعہ ہمدرد کے سابق پرو چانسلر بھی رہ چکے ہیں۔صدرکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری (کے سی سی آئی) جاوید احمد ٹینگا نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور تجارت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے وادی کشمیر میں تاجروں کو درپیش چیلنجوں سے بھی آگاہ کیا۔بین الاقوامی مارشل آرٹس کھلاڑیوں کے ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کو درپیش مسائل پر بات کی۔ اُنہوں نے حکومت سے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مواقع فراہم کرنے کے لئے مسلسل تعاون کی درخواست کی۔صدرکشمیر لیبر یونین فیڈریشن اور سیکرٹری نے جموں و کشمیر بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ( جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی) سے متعلق فوری نوعیت کے مسائل وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے۔ اُنہوں نے بورڈ کے چیئرمین کی تقرری اور لاکھوں تعمیراتی مزدوروں کے لئے فلاحی فنڈز کی جلد منظوری کی اپیل کی۔اِس کے علاوہ بیروہ، اندروال، بارہمولہ اور دیگر علاقوں کے وفود نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے حلقوں کے مسائل کو اُجاگر کیا۔اقلیتی کمیونٹیوں کے نمائندوں نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے مطالبات اور مسائل اُن کو گوش گزار کئے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام وفود اور اَفراد کو بغور سُنااور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے شفاف، جامع اور جوابدہ حکمرانی کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔