اشرف چراغ
کپوارہ// عوامی اتحاد پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کے صدر اور جیل میں بند رکن پارلیمنٹ بارہمولہ انجینئر رشیدآئندہ پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں ایک قرارداد لائیں گے، جس میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ایک بیان میں پارٹی کے ترجمان اعلی انعام النبی نے کہا، ’’غیر منصفانہ طور پر جیل جانے کے باوجودانجینئر رشید نے قید کی زنجیروں کو اپنے لوگوں کی آواز کو خاموش کرنے کی اجازت نہیں دی ہے، وہ جموں و کشمیر کی امنگوں اور جذبات کو برقرار رکھنے کے لیے دستیاب ہر جمہوری پلیٹ فارم کو استعمال کرتے رہیں گے۔‘‘انعام نے مزید کہا کہ ریاست کا مطالبہ کوئی احسان نہیں بلکہ ایک آئینی حق ہے جو یکطرفہ طور پر 2019 میں چھین لیا گیا تھا۔یہ وقت ہے کہ پارلیمنٹ اس تاریخی غلطی کو درست کرے۔ انجینئر رشید کی قرارداد لوگوں کی عزت، جمہوری حقوق اور عزت نفس کی تڑپ کی عکاسی کرتی ہے۔ پارٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انجینئر رشید کی پارلیمنٹ میں موجودگی محض علامتی نہیں ہے بلکہ انصاف اور نمائندگی کے لیے ان کی دہائیوں سے جاری جدوجہد کا تسلسل ہے۔ انعام نے کہا،’’اس قرارداد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے بھی منتقل کرنے کا ان کا فیصلہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ نہ تو دیواریں اور نہ ہی ناانصافی اس جمہوری جذبے کو دبا سکتی ہے جس کا وہ مجسمہ ہیں۔‘‘اے آئی پی نے تمام سیاسی جماعتوں، خاص طور پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کا دعوی کرنے والی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اس قرارداد کی حمایت کریں اور خطے میں آئینی ضمانتوں اور جمہوری اداروں کی بحالی کے لیے کھڑے ہوں۔