حسین محتشم
پونچھ//اعجاز احمد جان ایم ایل اے حلقہ حویلی پونچھ، نے ایگزیکیوٹیو انجینئر پی ایم جی ایس وائی دفتر پونچھ کا دورہ کر کے حالیہ منظور شدہ سڑکوں کی ٹینڈرنگ میں تیزی لانے کے واضح احکامات جاری فرمائے۔ اس دوران پی ایم جی ایس وائی بیچ 2 کے لئے نئی ترجیحات بھی طے کی گئیں تاکہ عوامی مفاد میں عملدرآمد تیز تر ہو۔ اعجاز احمد جان نے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ کی انتھک محنت اور ذاتی نگرانی میں انہوں نے حلقے کے پانچوں بلاکوں میں انجینئرنگ ٹیموں کو موقع پر بھجوا کر سڑکوں کا تفصیلی سروے کروایا۔ سب سے اہم بات یہ کہ ہر بلاک میں پانچ پانچ سڑکوں کو شامل کر کے مساوات اور برابری کا عملی مظاہرہ کیاگیا۔خواجہ عبدالرزاق ترجمان جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ضلع پونچھ نے بتایا کہ کہ یہ سلسلہ اعجاز جان کی قیادت کی دوراندیشی اور انصاف پسندی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے بتایا اس سروے کے دوران اس بات کو بھی یقینی بنایا گیاکہ ایسے گاؤں یا محلّے جو 2011 کے سروے میں شامل نہ ہو سکے تھے، انہیں بھی تکنیکی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ جان نے خود کئی علاقوں کا دورہ کر کے عوامی رائے حاصل کی، انجینئرنگ ٹیموں کو متحرک کیا اور عملی سطح پر ان محلوں میں سڑکوں کا سروے مکمل کروایا۔اس مسلسل کوشش اور ایماندار قیادت کا نتیجہ یہ نکلا کہ پورے جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ منظور شدہ سڑکیں حلقہ حویلی میں شامل ہوئیں، جو ایک عوامی فلاحی کامیابی ہے اور ترقی کا حقیقی چہرہ ہے۔