عظمیٰ ویب ڈیسک
لہیہ/یونین ٹیریٹری لداخ کے نئے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے جمعے کے روز اپنے عہدے کا باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی تعاون سے لداخ کی تعمیر و ترقی کو ممکن بنائیں گے اور اسے عالمی سطح پر ایک ممتاز سیاحتی مقام کے طور پر تسلیم کرائیں گے۔گپتا کو لداخ میں لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے کا حلف جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس ارون پالی نے راج نواس میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران دلایا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کویندر گپتا نے کہا:’مجھے لداخ کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ میں لداخ کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم مذہب، ذات پات اور سیاست سے بالاتر ہوکر سب مل کر ایک نئے لداخ کے خواب کو شرمندہ تعمیر کریں گے۔‘انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ ماضی میں لداخ کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا۔یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ لداخ کے ساتھ برسوں سے ناانصافی اور نظراندازی ہوتی رہی ہے، لیکن اب ہمیں اس سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے ہیں۔
کویندر گپتا، جو اس سے قبل جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر اور نائب وزیر اعلیٰ جیسے کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح لداخ کو سیاحت، بنیادی ڈھانچے، اور روزگار کے مواقع کے لحاظ سے ترقی دینا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم لداخ کو اُس سطح پر لے جانا چاہتے ہیں جہاں اس کا نام عالمی سیاحتی مراکز جیسے کہ سوئٹزرلینڈ، مالدیپ کے ساتھ لیا جائے۔ ہماری سرزمین میں وہ تمام قدرتی خوبصورتی، ثقافت اور تنوع موجود ہے جو کسی بھی عالمی سیاحتی مقام کو درکار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی رائے، بلدیاتی اداروں، طلبہ، کسانوں، خواتین، اور نوجوانوں کی مشاورت سے ایک جامع ترقیاتی خاکہ تیار کرے گی تاکہ لداخ کو ہر لحاظ سے خود کفیل اور خوشحال بنایا جا سکے۔
حلف برداری کی تقریب میں سابق ایم ایل اے وکرم رندھاوا سمیت متعدد سیاسی اور سول سوسائٹی شخصیات نے شرکت کی۔
لداخ کی شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے: ایل جی کویندر گپتا
