عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ/پونچھ ضلع کےمینڈھر علاقے میں گزشتہ شب شدید بارشوںکے باعث متعدد مکانات کو جزوی یا مکمل طور پر نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ پنچایت سنجیوت کا وارڈ نمبر 4 رہا، جہاں کم از کم چھ رہائشی مکانات اور ایک مدرسے کو شدید نقصان پہنچا۔
مقامی باشندوں کے مطابق بارش کے سبب زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا، جو کہ علاقے میں جاری چار گلیارہ سڑک کی تعمیر کے دوران پیش آیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر حکام کی جانب سے حفاظتی دیوار تعمیر کی گئی ہوتی تو اس نقصان سے بڑی حد تک بچا جا سکتا تھا۔
حکام نے بتایا کہ کچھ ڈھانچوں کے نقصانات کی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم اصل نقصان کا تعین جائزہ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال کچھ ڈھانچوں کو نقصان کی رپورٹیں ہیں، لیکن درست معلومات نقصان کے تخمینے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔